ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ہیلتھ اور محکمہ صحت کے دیگر افسران سمیت میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے مشیر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے، جسے پورا کرنے کے لیے 1198 ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو مہم کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے اور تمام ادارے 100 فیصد اہداف کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے ٹیموں کو تاکید کی کہ وہ قومی جذبے کے ساتھ کام کریں اور جھگیوں، بس اسٹینڈز اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

بعد ازاں، مشیر وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان میں قائم پولیو کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے وہاں موجود بچوں کو خود پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور کیمپ میں فراہم کی جانے والی دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے آخری روز ہدف کی مکمل تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع کو پولیو سے پاک رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے