اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین ہر طرح کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی اہم ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں، داخلی سلامتی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران انسدادِ دہشتگردی، انٹیلی جنس شیئرنگ، سائبر کرائمز کے خلاف تعاون اور سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں چین متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی منظم اور طے شدہ منصوبے کے تحت کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے۔
محسن نقوی نے چینی سفیر کو چینی شہریوں اور منصوبوں کی سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کا تحفظ حکومت پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی مقصد کے تحت چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو دشمن کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتا، جبکہ انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کے لیے جدید چینی ٹیکنالوجی اور سازوسامان معاون ثابت ہوں گے۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی اور چینی سفیر نے پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا، جبکہ وزیر داخلہ نے چین کی جانب سے ہر موقع پر غیر متزلزل حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔