سیہون/کراچی: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر سندھ حکومت نے 7 فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عام تعطیل کے باعث صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جبکہ تمام تعلیمی اداروں میں بھی تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ حکومت سندھ نے زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیہون شریف میں عرس کے موقع پر زائرین کی آمد کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور رہنمائی کے لیے خصوصی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس مبارک کے موقع پر اٹلی سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا ایک وفد بھی سیہون شریف پہنچ گیا۔ غیر ملکی سیاحوں نے مزار پر حاضری دی اور مختلف مناظر کی فوٹوگرافی کی۔
اٹلی سے آئے سیاحوں کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور پُرامن ملک ہے اور یہاں آ کر انہیں دلی خوشی محسوس ہوئی۔ سیاحوں نے مزار پر زائرین کے غیر معمولی رش پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی عقیدت کا یہ منظر قابلِ دید ہے۔
اس موقع پر اٹلی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ مزار پر لوگوں کی کثرت دیکھ کر انہیں خدشہ تھا کہ کہیں وہ گم ہی نہ ہو جائیں۔ سیاحوں کا مزید کہنا تھا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی مزار پر آ کر انہیں دلی سکون حاصل ہوا اور یہاں کا ماحول نہایت پُرامن اور روحانی ہے۔