اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان نے اقتصادی شعبے میں 5 سالہ روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں پاکستان اور قازقستان کے مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کو تجارت کے لیے اپنی بندرگاہوں کے ذریعے سب سے قریب ترین راستہ فراہم کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قازقستان اپنی مصنوعات گوادر اور کراچی پورٹ کے ذریعے برآمد کر سکتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان ریل اور روڈ رابطے کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ موجودہ تجارتی حجم 250 ملین ڈالر ہے جو اپنی مکمل صلاحیت سے کم ہے، اور تجارتی حجم میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قازقستان کے دورے کی دعوت پر صدر قاسم جومارت توکایووف کے مشکور ہیں، اور دونوں ممالک نے تجارت اور اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے 5 سالہ روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے 37 معاہدے دوطرفہ تعاون میں سنگ میل ثابت ہوں گے، جبکہ 23 سال بعد کسی بھی قازق صدر کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

صدر قازقستان قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ بزنس فورم کے انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اور دونوں ممالک نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان علاقائی اور عالمی رابطے کے اہم ذرائع ہیں اور دونوں کے درمیان تعاون خطے کے لیے خوش آئند ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے