تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں امریکی پرچم والے ایک جہاز کو روک لیا۔ ایرانی حکام کے مطابق مذکورہ جہاز بغیر اجازت ایرانی علاقائی پانیوں میں داخل ہوا تھا، جس پر پاسدارانِ انقلاب کی تیز رفتار کشتیوں نے اسے روکا اور وارننگ دی، جس کے بعد جہاز علاقے سے نکل گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی کشتیوں نے امریکی پرچم والے جہاز کو روکا اور عملے کو ہراساں کیا۔ سینٹ کام کے ترجمان کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی کشتیاں اور ایرانی ڈرون جہاز کے قریب پہنچے اور اسے قبضے میں لینے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
امریکی فوجی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کے دوران امریکی ایئرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن پر موجود ایف-35 سی لڑاکا طیارے نے ایک ایرانی ’’شاہد-139‘‘ ڈرون کو مار گرایا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ عالمی بحری گزرگاہ میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔