لاہور: (کیو این این ورلڈ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز بھارت میں ٹیلی کاسٹ نہ کرنے کا اہم فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت بھارتی ریجن میں براڈکاسٹ حقوق فروخت نہیں کیے جائیں گے، تاہم دنیا کے دیگر تمام خطوں میں پی ایس ایل میچز براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ فیصلہ موجودہ حالات اور پالیسی معاملات کے پیش نظر کیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارتی کرکٹ شائقین پی ایس ایل 11 کے میچز براہ راست دیکھنے سے محروم رہیں گے، جبکہ ایشیا، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، امریکہ اور دیگر ریجنز میں لیگ کی کوریج معمول کے مطابق دستیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز 26 مارچ 2026 سے ہوگا، جبکہ اس سیزن میں پہلی بار دو نئی ٹیموں کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوچکی ہے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کی نیلامی (پلیئرز آکشن) کا انعقاد 11 فروری کو کیا جائے گا، جسے لیگ کے ڈھانچے میں ایک بڑی اور تاریخی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔