اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کی طبیعت بہتر ضرور ہے لیکن وہ اب بھی مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں مریم ریاض وٹو نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات کروائی گئی، جس دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں تقریباً دو ہفتوں سے ایک آنکھ سے دھندلا نظر آ رہا تھا۔
مریم ریاض وٹو کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا کہ عمران خان مسلسل جیل عملے کو اپنی آنکھ کے مسئلے سے آگاہ کرتے رہے لیکن اس پر کوئی سنجیدہ توجہ نہیں دی گئی۔ بعد ازاں ایک جونیئر ڈاکٹر کو بھیجا گیا جس نے معائنہ کے بعد کہا کہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار سے باہر اور سنگین نوعیت کا ہے، جس پر پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کو بلایا گیا۔
ان کے مطابق پمز کے ڈاکٹرز نے واضح طور پر کہا کہ عمران خان کا علاج جیل میں ممکن نہیں اور اگر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو ان کی آنکھ کی بینائی مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے۔ تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے ابتدا میں جیل میں ہی علاج پر اصرار کیا جاتا رہا، جس کے باوجود پمز کے ڈاکٹرز نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر عمران خان کو اسپتال منتقل کروایا۔
مریم ریاض وٹو نے اپنے بیان میں ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ عمران خان کی طبیعت میں بہتری ضرور آئی ہے لیکن وہ ابھی مکمل طور پر صحت مند نہیں ہوئے، اور ان کے علاج میں تاخیر سنگین نتائج کا سبب بن سکتی تھی۔