لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے تمام فرنچائزز نے برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں کئی بڑے اور معروف ناموں کو ریلیز کر دیا گیا جبکہ چند اسٹار کھلاڑیوں پر ٹیموں نے اعتماد برقرار رکھا ہے۔
کھلاڑیوں کی ریٹینشن کے عمل میں پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی، کراچی کنگز نے حسن علی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ابرار احمد کو برقرار رکھا ہے۔ دوسری جانب حارث رؤف، فخر زمان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب جیسے نمایاں کھلاڑیوں کو ان کی ٹیموں نے ریلیز کر دیا ہے۔
کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں فاسٹ بولر حسن علی کو برقرار رکھا، جبکہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں عباس آفریدی، گولڈ میں خوشدل شاہ اور ایمرجنگ کیٹیگری میں سعد بیگ کو ریٹین کیا گیا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کو برقرار رکھا، جبکہ حارث رؤف اور فخر زمان کو ریلیز کر دیا گیا۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، گولڈ میں سکندر رضا اور سلور میں محمد نعیم کو ٹیم کا حصہ برقرار رکھا گیا، جبکہ مختلف کیٹیگریز سے متعدد کھلاڑیوں کو ریلیز کیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں شاداب خان کو برقرار رکھا، گولڈ کیٹیگری میں سلمان ارشاد اور سلور میں آندریس گوس کو ریٹین کیا۔ یونائیٹڈ نے نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، محمد نواز، عماد وسیم، اعظم خان، حیدر علی اور رومان رئیس سمیت کئی کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز سے ریلیز کر دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں ابرار احمد کو برقرار رکھا، ڈائمنڈ میں عثمان طارق، گولڈ میں حسن نواز اور ایمرجنگ میں حسین کو ریٹین کیا۔ کوئٹہ نے محمد عامر، فہیم اشرف، سعود شکیل اور محمد وسیم جونیئر سمیت متعدد کھلاڑیوں کو ریلیز کیا۔
پشاور زلمی نے ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو برقرار رکھا، ڈائمنڈ کیٹیگری میں سفیان مقیم، گولڈ میں عبدالصمد اور ایمرجنگ کیٹیگری میں علی رضا کو ریٹین کیا، جبکہ پلاٹینم کیٹیگری سے صائم ایوب کو ریلیز کر دیا گیا۔
پی ایس ایل 11 کے لیے ریٹینشن لسٹ سامنے آنے کے بعد اب شائقین کی نظریں آنے والے ڈرافٹ پر مرکوز ہیں، جہاں ریلیز ہونے والے بڑے نام فرنچائزز کی حکمت عملی کو مزید دلچسپ بنا سکتے ہیں۔