گہوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) جروار شہر کو کشادہ کرنے اور ٹریفک کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لیے انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پیر کی علی الصبح بھاری مشینری جروار شہر پہنچائی گئی، جہاں سڑک کے اطراف دکانوں کے سامنے بنائے گئے غیر قانونی حصوں کو مسمار کر کے سڑک کی توسیع کا کام شروع کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جروار شہر کی مرکزی شاہراہوں پر تجاوزات کی بھرتیوں کے باعث ٹریفک جام ہونا روز کا معمول بن چکا تھا، جس سے شہریوں، طلبہ اور بالخصوص ایمبولینسوں میں موجود مریضوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انتظامیہ نے عوامی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کو منظم اور کشادہ بنانے کے لیے اس خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔

آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور متعلقہ محکموں کے افسران کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی۔ دکانداروں کو پہلے ہی اپنی حدود سے تجاوز نہ کرنے کی تنبیہ کی گئی تھی، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود تجاوزات نہ ہٹانے پر انتظامیہ نے مشینری کے ذریعے سڑک پر بنے اضافی تھڑے، شیڈز اور دیگر ناجائز تعمیرات کو زمین بوس کر دیا۔

انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ جروار کو ایک خوبصورت اور ٹریفک کے لیے موزوں شہر بنانا ترجیح ہے اور یہ آپریشن مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا کہ مستقبل میں کسی کو بھی دوبارہ فٹ پاتھوں یا سڑکوں پر قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہر کی رونقیں اور نظم و ضبط بحال رہ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے