سینٹ پیٹرزبرگ (کیو این این ورلڈ): روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں اتوار کی شب آسمان پر ایک حیرت انگیز اور نایاب قدرتی منظر دیکھنے میں آیا، جب شہریوں نے بیک وقت چار چاند جیسے روشن اجسام چمکتے دیکھے۔ اس غیر معمولی نظارے نے لوگوں کو حیران و ششدر کر دیا جبکہ اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے چاند کئی حصوں میں تقسیم ہو گیا ہو، چاند کے گرد روشن اور چمکتی ہوئی شکلیں نمودار ہو رہی تھیں۔ اس دلکش منظر نے آسمان کے نظاروں کے شوقین افراد کو رکنے پر مجبور کر دیا، جو دیر تک اس خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کوئی خلائی یا پراسرار واقعہ نہیں بلکہ ایک قدرتی مظہر ہے جسے سائنسی اصطلاح میں پیرسیلینی (Paraselene) کہا جاتا ہے، جبکہ عام زبان میں اسے مون ڈاگ یا نقلی چاند بھی کہا جاتا ہے۔
یہ مظہر اُس وقت بنتا ہے جب چاندنی فضا میں موجود انتہائی باریک اور بلند سطح پر پھیلے بادلوں سے گزرتی ہے۔ یہ بادل برف کے ننھے ذرات پر مشتمل ہوتے ہیں جنہیں سیروس یا سیروسٹریٹس کہا جاتا ہے۔ ان بادلوں میں موجود چھ کونوں والے چپٹے برفانی ذرات جب چاندنی کو منعکس اور موڑتے ہیں تو چاند کے دونوں اطراف روشن دھبے بن جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسی روشنی کے انعکاس کے باعث آسمان پر ایک سے زائد چاند دکھائی دیتے ہیں، جو دیکھنے والوں کو یوں محسوس ہوتے ہیں جیسے واقعی چار چاند جگمگا رہے ہوں۔ یہ مظہر نایاب ضرور ہے، تاہم مکمل طور پر قدرتی ہے اور مخصوص موسمی حالات سے جڑا ہوتا ہے۔