راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معزز مہمان کی آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پیشہ ورانہ تعاون اور خاص طور پر متعلقہ خطوں کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل روابط اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور لیبیا میں دیرپا امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات انتہائی خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جو دونوں اسلامی ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
قبل ازیں، نور خان ایئربیس آمد پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا پرجوش استقبال کیا گیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خود ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے مابین عسکری سطح پر تعاون بڑھانے کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔