قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) تھانہ مصطفیٰ آباد کے علاقے میں واقع ایک نجی میرج ہال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ولیمے کی تقریب میں شریک 3 سالہ معصوم بچہ کھلے مین ہول میں گر کر زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق ننھا علی رضا اپنی فیملی کے ہمراہ شادی کی تقریب میں خوشی خوشی شریک ہونے آیا تھا کہ کھیلتے ہوئے اچانک ہال کے اندر موجود کھلے مین ہول کا شکار ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اس لرزہ خیز حادثے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مصطفیٰ آباد کی مدعیت میں میرج ہال کے مالک، منیجر اور ٹھیکیدار سمیت دیگر متعلقہ عملے کے خلاف دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ غفلت برتنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معصوم بچے کی ہلاکت میرج ہال انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے کیونکہ عوامی مقامات پر کھلے مین ہول انسانی جانوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔ ڈی پی او نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داران کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دوسری جانب معصوم علی رضا کی اچانک موت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔