قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے کھڈیاں کے علاقے میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر خطرناک ڈاکو کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کرنے والے بہادر شہری محبت علی سے خصوصی ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او نے شہری کی جرات اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے اسے نقد انعام دیا اور محکمہ پولیس کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کا کہنا تھا کہ واردات کے دوران جان کی پرواہ کیے بغیر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس سے تعاون کرنے والا شہری محبت علی ہمارا اصل ہیرو ہے، جس کی بدولت ایک انتہائی خطرناک مجرم قانون کی گرفت میں آیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ڈاکو نے دورانِ تفتیش اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی تھی، تاہم جدید ٹیکنالوجی، فنگر پرنٹ اور فیس ٹریس سسٹم کے ذریعے اس کی اصل شناخت عثمان زیب سکنہ شرقپور کے نام سے ہوئی، جبکہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دوسرے ڈاکو کی شناخت تنویر سکنہ مرزا پور ننکانہ کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا کہ گرفتار ڈاکو عثمان زیب دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل اور پولیس مقابلوں کے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرم ہے۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم عثمان زیب سن 2020 میں تھانہ شرقپور ضلع شیخوپورہ میں تعینات اے ایس آئی محمد بوٹا کی شہادت کے مقدمے میں بھی ملوث تھا اور طویل عرصے سے روپوش چلا آ رہا تھا۔ تھانہ کھڈیاں پولیس نے ملزم کا باقاعدہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے تاکہ اس سے دیگر وارداتوں اور ساتھیوں کے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ ڈی پی او قصور نے واضح کیا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی ضلع کو جرائم سے پاک کیا جا سکتا ہے اور ایسے بہادر شہریوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔