اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی۔ ملاقات میں مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انسداد دہشتگردی کے لیے صوبائی اداروں کو مزید مضبوط کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے اور قیام امن، عوامی فلاح، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کی کوششوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے اور صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ مشاورت اور اشتراک سے ہی قومی یکجہتی اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے