لاہور (کیو این این ورلڈ)پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ یہ پاکستان کی سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی کامیابی بھی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے 40 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔ عثمان خان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 53 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 28 اور محمد نواز 9 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ابتدائی اوورز میں صاحبزادہ فرحان 5 اور بابر 2 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ صائم ایوب نے 23 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور شاداب خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، عثمان طارق نے دو، جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم گرین شرٹس کے اسپنرز کے سامنے پوری طرح بے بس رہی اور 15.4 اوورز میں صرف 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کیمرون گرین نے 35 اور میتھو شارٹ نے 27 رنز بنائے۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے، اور سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح کا جشن منایا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے