لاہور (کیو این این ورلڈ) لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں ڈاکوؤں نے ایک شہری کو لوٹ لیا جو 2 ہزار تولے سے زائد چاندی فروخت کر کے واپس آ رہا تھا۔ واقعے کے دوران شہری زخمی ہو گیا اور ڈاکو 2 کروڑ 17 لاکھ 55 ہزار روپے لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شہری چاندی فروخت کرنے کے بعد اپنی گاڑی کے ذریعے جا رہا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسے لوٹنے کی کوشش کی۔ شہری نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں شہری کے ہاتھ اور ٹانگ پر گولیاں لگیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تاہم ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مدعی نے پولیس کو بتایا کہ وہ تقریباً 2022 تولے چاندی فروخت کر کے آرہا تھا، جس کی قیمت 2 کروڑ 17 لاکھ 55 ہزار روپے بنتی تھی، جو ڈاکوؤں نے دو بیگ میں رکھ کر لے گئے۔
پولیس نے ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے اور تفتیشی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری کی طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور اس کی حالت مستحکم ہے۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسی بڑی رقم لے کر اکیلے سفر کرنے سے گریز کریں اور مشکوک افراد کی اطلاع فوراً متعلقہ تھانے کو دیں۔