اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ڈی پی او راشد ہدایت کی خصوصی ہدایت پر منشیات ایکٹ 1997 اور ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت درج مقدمات کی تفتیش کا معیار بہتر بنانے کے لیے کمیونٹی لائزون ہال میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ اس ورکشاپ میں ضلع بھر کے تمام انچارج انویسٹی گیشن اور محرران نے شرکت کی، جس کا بنیادی مقصد منشیات فروشوں کے خلاف قانونی گھیرا تنگ کرنا اور مضبوط تفتیش کے ذریعے انہیں عدالتوں سے کڑی سزائیں دلوانا ہے۔ تربیتی سیشن کے دوران ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر زاہد الحسن ناصر، ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ اور سب انسپکٹر محمد اکرم نے شرکاء کو منشیات قوانین، تفتیشی طریقہ کار میں جدت اور مقدمات کی مؤثر مسل رائیٹنگ کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے۔

ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد پولیس افسران کی استعداد کار میں بہتری لانا ہے تاکہ منشیات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تفتیش کے دوران معمولی سی کوتاہی بھی ملزم کو فائدہ پہنچا سکتی ہے، اس لیے تمام تفتیشی افسران جدید خطوط پر تفتیش مکمل کریں تاکہ معاشرے کو ناسور کی طرح چاٹنے والے منشیات فروش کسی بھی رعایت کے مستحق نہ رہ سکیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایسی ورکشاپس کے انعقاد سے نہ صرف تفتیش کا معیار بلند ہوگا بلکہ ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو بھی مزید تقویت ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے