اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران اور بورڈ ممبران نے شرکت کی، جہاں ضلع بھر کے مختلف میڈیکل سٹورز پر ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق متعدد کیسز پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس میڈیکل سٹورز چلانے والوں، ممنوعہ اور زائد المیعاد (ایکسپائرڈ) ادویات کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی بھی رعایت کے بغیر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چوہدری عبدالجبار گجر کے احکامات پر کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب میڈیکل سٹور مالکان کے کیسز کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے ڈرگ کورٹ بھیجنے کا فیصلہ کیا، جبکہ معمولی نوعیت کی کوتاہیوں پر بعض مالکان کو آخری وارننگ جاری کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کوالیفائیڈ پرسن کی عدم موجودگی یا غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت قانوناً جرم ہے اور انتظامیہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ مارکیٹ میں ادویات کی کوالٹی پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے