لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب اسمبلی نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2025 متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اس ترمیم کے تحت چیئرمین پی ایچ ای سی کی عمر کی حد 65 سال مقرر کی گئی ہے اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ایکٹ 2014 میں اس ترمیم کو شامل کیا جائے گا۔ ترمیمی بل حکومتی رکن اسمبلی امجد علی جاوید نے پیش کیا۔
امجد علی جاوید نے کہا کہ پہلے چیئرمین پی ایچ ای سی کی عمر کے حوالے سے کوئی حد مقرر نہیں تھی، اس لیے کوئی بھی شخص سو سال تک چیئرمین رہنے کا خواہاں ہو سکتا تھا۔ موجودہ وقت میں چیئرمین کی عمر 75 سال ہے، لیکن قدرت کے نظام کے مطابق وقت کے ساتھ انسانی اعضا کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، اس لیے عمر کی قدغن ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین کو پورے سسٹم کا جائزہ لے کر فیصلے کرنے ہوتے ہیں، اور کچھ لوگ اپنے آپ کو ناگزیر سمجھتے ہیں، مگر قبرستان ناگزیر لوگوں سے بھرے پڑے ہیں، اور سسٹم بغیر کسی کے بھی چلتا رہتا ہے۔ حکومتی رکن اسمبلی کے لیے عمر کی حد مقرر کرنا ضروری ہے تاکہ بڑے اور ٹیلنٹڈ نوجوانوں کو موقع مل سکے۔ ان کے بقول، پی ایچ ای سی کا چیئرمین 65 سال سے زائد نہیں ہونا چاہیے۔
ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں متفقہ رائے سے منظور ہو گیا اور اب اس کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔