اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) ایل پی پی (لودھراں پائلٹ پروجیکٹ) نے کونسرن ورلڈ وائیڈ کے اشتراک اور FCDO (برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے) کی مالی معاونت سے ضلع بہاول پور کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں معاشی بحالی کا ایک مؤثر پروگرام شروع کر دیا۔

اس پروگرام کے تحت سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والے 30 مستحق چھوٹے کاروباری افراد میں نقد مالی امداد تقسیم کی گئی تاکہ وہ اپنے روزگار کے ذرائع کو دوبارہ فعال بنا سکیں اور معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔

تقریب کے موقع پر ایل پی پی کے نمائندگان نے بتایا کہ حالیہ سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو معاشی بدحالی سے دوچار کر دیا تھا، جس میں چھوٹے تاجر اور خود روزگار افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ نقد امداد کا یہ اقدام متاثرین کو فوری سہارا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنے کی عملی کوشش ہے۔

امداد حاصل کرنے والے افراد نے ایل پی پی، کونسرن ورلڈ وائیڈ اور FCDO کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مالی معاونت سے نہ صرف ان کے کاروبار دوبارہ شروع ہوں گے بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے معاشی استحکام اور نئی امید بھی پیدا ہوگی۔

اداروں کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی ہمدردی اور پائیدار ترقی کے منصوبے آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ متاثرہ آبادی کو باعزت روزگار، بہتر مستقبل اور خود انحصاری کی جانب لے جایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے