پشاور (کیو این این ورلڈ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کا نفاذ آئینی، سیاسی اور عوامی سطح پر ناممکن ہے، اسی لیے انہیں نااہل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے بیدار ہیں اور کسی بھی غیر جمہوری اقدام کو قبول نہیں کریں گے۔
مینگورہ میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ خود تیراہ جائیں گے، وہاں کے عوام کے ساتھ جرگہ کریں گے اور جو بھی معاملات زیر بحث آئیں گے وہ ثبوتوں اور حقائق کے ساتھ سامنے لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا حل طاقت یا دباؤ سے نہیں بلکہ مشاورت، شفافیت اور اعتماد سے ممکن ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ چونکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں رہا، اس لیے اب انہیں سیاسی طور پر دیوار سے لگانے اور نااہل کروانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، مگر وہ ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں منتخب کیا ہے وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے اور ہر فورم پر عوام کے حق کا دفاع کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں وہ آج سوات کے بعد بٹ خیلہ اور تیمر گرہ میں بھی کارکنان سے خطاب کریں گے، جہاں وہ پارٹی کارکنان اور عوام کو موجودہ سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔