بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور اسپتال کے قریب ماڈل ٹاؤن سی میں سڑک کنارے ایک شخص کی لاش ملی ہے، جو مبینہ طور پر نشے کی زیادتی کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک شخص گزشتہ آدھے گھنٹے سے سڑک کے قریب بے سدھ لیٹا ہوا ہے، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں (BB-18 اور BPA-01) فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
ریسکیو اسٹاف نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ شخص کا طبی معائنہ کیا تو اس کے وائٹل سائنز نل تھے اور آنکھوں کی پتلیاں پھیل چکی تھیں، جس سے اس کی موت کی تصدیق ہو گئی۔ تلاشی کے دوران متوفی کی جیب سے انجکشن اور کچھ نشہ آور ادویات برآمد ہوئیں۔ اسی دوران وہاں موجود دیگر دو نشئی افراد نے بتایا کہ متوفی ان کے ساتھ ہی نشہ کرتا تھا۔
متوفی کی شناخت 40 سالہ غلام حسین ولد محمد عاشق کے نام سے ہوئی ہے، جو لال سوہانرا کا رہائشی تھا۔ ریسکیو ٹیم کو متوفی کی جیب سے لواحقین کا رابطہ نمبر مل گیا، جس پر انہیں اطلاع دی گئی جو فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کی موجودگی میں ضروری کارروائی کے بعد ڈیڈ باڈی کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔