بیجنگ (کیو این این ورلڈ) چین کے وسطی علاقے فیویانگ (Fuyang) میں ایک انوکھی اور دلچسپ شادی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے جہاں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں کے ساتھ زندگی بھر کا بندھن جوڑ لیا ہے، تاہم اس شادی کی سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دولہا اور دلہن دونوں کے خاندانوں میں دو دو جوڑے جڑواں انکلز کے بھی موجود ہیں۔ چینی سوشل میڈیا پر اس شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اسے ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور صارفین اسے قدرت کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق دونوں جوڑوں کو اپنی شادی کے دن ہی اس بات کا علم ہوا کہ ان کے خاندانوں میں پہلے سے ہی جڑواں انکلز موجود ہیں، جس نے نہ صرف میزبانوں بلکہ مہمانوں کو بھی دنگ کر دیا اور ایک 60 سالہ بزرگ مہمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں ایسی حیران کن مماثلت نہیں دیکھی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں خاندان ایک دوسرے کے قریبی پڑوسی ہیں اور ان کے والدین کی ملاقات 20 سال قبل ہوئی تھی، مگر دونوں جوڑے ایک دوسرے سے زیادہ واقف نہیں تھے۔ سال 2022 میں ان بہنوں کی ملاقات ان بھائیوں سے ہوئی جس کے بعد ان کا تعلق مضبوط ہوا اور اب وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ ایک دلہن نے دلچسپ انکشاف کیا کہ ان کے سسرالی رشتے دار اکثر اسے اور اس کی چھوٹی بہن کو پہچاننے میں غلطی کر جاتے ہیں، جبکہ لڑکی کے والدین بھی اکثر جڑواں بھائیوں کے درمیان فرق نہیں کر پاتے۔ فی الوقت دونوں بھائی الگ الگ گھروں میں مقیم ہیں اور اب یہ دونوں خاندان ایک ہی خاندان میں جڑواں افراد کے 4 جوڑوں کی موجودگی پر اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔