حویلیاں (کیو این این ورلڈ) تحصیل کونسل حویلیاں کے چیئرمین عزیر شیر خان کی قیادت میں بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے قافلے کو روک لیا۔ وزیراعلیٰ ‘اسٹریٹ موومنٹ’ کے سلسلے میں ہری پور سے مانسہرہ جا رہے تھے کہ حویلیاں کے قریب مظاہرین نے ان کا راستہ مسدود کر دیا اور گزشتہ چار سال سے بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری نہ ہونے پر شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ فنڈز کی بندش سے عوامی فلاح کے منصوبے ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں اور ادارے مفلوج ہیں۔ تاہم، وزیراعلیٰ کی جانب سے فنڈز کے جلد اجرا کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر کے قافلے کو راستہ دے دیا۔