سرگودھا (کیو این این ورلڈ) سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں شدید دھند کے باعث ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 14 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گلہ پور بنگلہ کے قریب پیش آیا جہاں 23 افراد ایک منی ٹرک میں سوار ہو کر جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ شدید دھند اور حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹرک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے خشک نہر میں جا گرا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ 7 افراد ٹرک کے نیچے دب کر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر افراد کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج مزید 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد کل اموات کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے فوری امدادی کارروائی کی، تاہم دھند کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان اور قریبی عزیز شامل تھے جو سوگوار خاندان سے تعزیت کے لیے نکلے تھے مگر خود بھی حادثے کا شکار ہو گئے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتیں اور گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے