لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند نے ایک بار پھر ڈیرے ڈال لیے ہیں، جس کے باعث حدِ نگاہ صفر ہونے پر متعدد موٹر ویز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر ویز سینٹرل ریجن کے مطابق دھند کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر موٹر وے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایم 3 فیض پور سے درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایم 5 ملتان سے روہڑی اور ایم 11 پر لاہور سے سمبڑیال تک گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

دھند کا سلسلہ صرف موٹر ویز تک محدود نہیں بلکہ قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور احمد پور شرقیہ سمیت میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور ناگزیر صورتحال میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ خراب موسمی حالات میں دن کا سفر زیادہ محفوظ ہے۔ انہوں نے ڈرائیورز کو گاڑیوں پر فوگ لائٹس کے استعمال اور رفتار کم رکھنے کی بھی تاکید کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے