راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں ایک مؤثر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الخوارج کے 15 سے 20 مسلح دہشت گردوں نے خاران شہر میں سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور حبیب بینک پر منظم حملے کیے تھے، جس کے دوران انہوں نے بینکوں سے 34 لاکھ روپے کی رقم بھی لوٹ لی تھی۔ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی ان بزدلانہ کارروائیوں کا سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا اور دہشت گردوں کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران تین مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 12 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پولیس اسٹیشن کو یرغمال بنانے کی مذموم کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، اور ابتدائی معلومات کے مطابق یہ شرپسند علاقے میں دہشت گردی کی متعدد بڑی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے