اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اس وقت ترقی اور خوشحالی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور ملک کو درپیش دہشت گردی کے چیلنج کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کمیٹی کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام اس مقصد کے لیے عمل میں آیا تھا کہ یہاں بسنے والے تمام شہریوں کو بلا امتیاز برابر حقوق حاصل ہوں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کھربوں ڈالرز کے قدرتی وسائل سے نوازا ہے، جنہیں درست طریقے سے بروئے کار لا کر غربت، بے روزگاری اور قرضوں کے بوجھ سے مکمل نجات حاصل کی جا سکتی ہے، جو کہ مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔

وزیراعظم نے دفاعی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 کے معرکے میں افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اپنی جرات اور بہترین حکمتِ عملی سے بھارت کو عبرت ناک شکست دی، جو کہ ہماری عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس ناسور کے خلاف ایک لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے میں جو کردار ادا کیا، اس پر عالمی برادری کو پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ شہباز شریف نے ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ان کے خلاف تمام شواہد موجود ہیں اور دشمنوں کے وسائل پر پلنے والے ان عناصر کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔

اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم نے ملکی استحکام کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو جتنی ہم آہنگی درکار ہے، اس کی پہلے کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے علما کرام اور تمام مکاتبِ فکر پر زور دیا کہ وہ پیچیدہ قومی معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک امن اور ترقی کی راہ پر بلا تعطل آگے بڑھتا رہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کے شہداء نے اپنے خون سے اس وطن کی آبیاری کی ہے اور ان کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، بلکہ پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنا کر دم لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے