رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ) شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک انتہائی نایاب اور معجزاتی سرجری انجام دیتے ہوئے پانچ سالہ بچے کے سینے سے نامکمل تشکیل پانے والا بچہ نکال لیا ہے۔ تھراسک سرجن ڈاکٹر سلطان محمود کے مطابق پانچ سالہ ریحان کے سینے میں موجود یہ نامکمل جنین دل کے انتہائی قریب اور مرکزی شریان کے پاس پیوست تھا، جس کی وجہ سے یہ ایک پیچیدہ اور نازک آپریشن بن گیا تھا۔ میڈیکل ریسرچ میں اس نایاب طبی کیفیت کو "Fetus in Fetu” کہا جاتا ہے، جو پانچ لاکھ پیدائشوں میں سے کسی ایک میں سامنے آتی ہے۔

اس حیران کن واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب بچے کو مسلسل کھانسی کی شکایت پر پلمونالوجی ڈیپارٹمنٹ لایا گیا، جہاں مختلف ٹیسٹوں کے دوران سینے میں نامکمل بچے کی موجودگی کا پتا چلا۔ ہیڈ آف تھوراسک سرجری نے ماہر ٹیم کے ہمراہ گھنٹوں جاری رہنے والے آپریشن کے بعد اس نامکمل جنین کو کامیابی سے نکال باہر کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیسز طبی دنیا میں بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں ایک جڑواں بچہ دوسرے بچے کے جسم کے اندر نشوونما پانے لگے۔

کامیاب سرجری کے بعد بچے کی حالت تسلی بخش ہے اور اسے انتہائی نگہداشت سے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ بچے کی والدہ نے کامیاب آپریشن پر ڈاکٹروں کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بچہ اب مکمل طور پر صحت مند ہے اور تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے۔ اس معجزاتی سرجری کو میڈیکل کی دنیا میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس نے مقامی اور بین الاقوامی طبی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے