نوشکی (کیو این این ورلڈ) کمانڈر 12 کور کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان اور انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے نوشکی میں قائم ای کامرس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران حکام کو ای کامرس سینٹر کے اغراض و مقاصد، جاری تربیتی پروگرامز اور طالبات کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ سینٹر مقامی طالبات کو آن لائن کاروبار، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل اسکلز سکھا کر انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے اور باعزت روزگار کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ کمانڈر 12 کور نے سینٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے بلوچستان کے نوجوانوں بالخصوص طالبات کی معاشی خود کفالت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان عوامی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے منصوبوں میں اپنی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
ای کامرس سینٹر میں زیرِ تربیت طالبات نے اعلیٰ عسکری حکام کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کے اس اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایک مقامی طالبہ کا کہنا تھا کہ نوشکی جیسے علاقے میں ای کامرس سیکھنے کا موقع ملنا ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ یہاں ایسی مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔ ایک اور طالبہ نے بتایا کہ ایف سی ای کامرس اکیڈمی ہمیں وہ جدید مہارتیں سکھا رہی ہے جن کے ذریعے ہم گھر بیٹھے اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ طالبات کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کا پیغام ان کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہے اور وہ ڈیجیٹل تعلیم کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان اور میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے طالبات سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور بہترین تعلیمی کارکردگی پر ان کی ہمت افزائی کی۔