اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) بیورو آف امیگریشن نے سال 2025 کے دوران روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق گزشتہ برس 7 لاکھ 62 ہزار 499 افراد ملازمت کے لیے بیرون ملک مقیم ہوئے، جبکہ سال 2024 میں یہ تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 381 تھی۔ جاری کردہ دستاویزات کے مطابق بیرون ملک جانے والوں میں 18 ہزار 352 انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں، جن میں 3 ہزار 795 ڈاکٹرز، 5 ہزار 946 انجینئرز، 5 ہزار 659 اکاؤنٹنٹس، 1 ہزار 640 نرسز اور 1 ہزار 725 اساتذہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہنرمند افراد کی ایک بڑی تعداد بھی بیرون ملک منتقل ہوئی، جن میں 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد ڈرائیورز، 10 ہزار سے زائد باورچی، 12 ہزار 703 ٹیکنیشنز اور 11 ہزار 777 مینیجرز بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستانیوں کی سب سے بڑی تعداد نے سعودی عرب کا رخ کیا جہاں 5 لاکھ 30 ہزار 256 افراد روزگار کے لیے گئے، جبکہ قطر میں 68 ہزار 376، متحدہ عرب امارات میں 52 ہزار 664 اور بحرین میں 37 ہزار 726 پاکستانیوں کو ملازمتیں ملیں۔ دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ کویت میں 6 ہزار 590، برطانیہ میں 4 ہزار 355 اور چین میں 2 ہزار 230 پاکستانی روزگار کے سلسلے میں پہنچے۔ اسی طرح امریکہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، رومانیہ اور جنوبی کوریا جانے والوں کی بھی ایک خاصی تعداد رپورٹ میں شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک چھوڑنے والوں میں 4 لاکھ 66 ہزار سے زائد غیر ہنرمند مزدور بھی شامل ہیں جنہوں نے بہتر مستقبل کی خاطر بیرون ملک کا انتخاب کیا۔