گلگت (کیو این این ورلڈ)گلگت بلتستان کی نو منتخب نگران کابینہ کی تقریبِ حلف برداری گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں 12 وزراء اور 2 مشیروں پر مشتمل کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد نے نگران کابینہ کے ارکان سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں ساجد علی بیگ، انجینئر الطاف حسین، غلام عباس، کرنل (ر) ابرار اسماعیل، مہرداد، شرافت دین، مولانا سرور شاہ، راجہ شہباز خان، ممتاز حسین، ڈاکٹر نیاز علی، سید عدیل شاہ، بہادر علی، سیدہ فاطمہ اور عبدالحکیم شامل ہیں۔
تقریبِ حلف برداری میں نگران وزیر اعلیٰ یار محمد، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، جی بی کونسل کے اراکین اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نگران کابینہ کی تشکیل کے بعد اب صوبے میں انتظامی امور کی نگرانی اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ذمہ داریاں ان اراکین کے سپرد کی جائیں گی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے حلف اٹھانے والے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام وزراء اور مشیر اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ نبھائیں گے تاکہ خطے میں گورننس کا عمل متاثر نہ ہو اور انتخابی عمل کو احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔