لاہور:(کیو این این ورلڈ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کے پاس وافر وسائل موجود ہیں اور یہ کہنا غلط ہے کہ کوئی صوبہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے محروم ہے، اصل ضرورت صرف کام کرنے کی نیت اور مضبوط ارادے کی ہے۔ لاہور میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو زیادہ پیسہ ملنے کا پروپیگنڈا محض ایک جھوٹ ہے، حقیقت میں اچھی گورننس ہی بہترین سیاست ہے اور جو لوگ عہدہ سنبھال کر صرف پروٹوکول یا سیاسی جوڑ توڑ پر توجہ دیتے ہیں وہ عوامی خدمت کے اصل مقصد سے دور ہو جاتے ہیں۔ مریم نواز نے زور دے کر کہا کہ وہ پنجابی، سندھی یا پختون کی تفریق پر یقین نہیں رکھتیں کیونکہ ایسی تقسیم ملک کو کمزور کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے دروازے دوسرے صوبوں کے بہن بھائیوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہاں بڑی تعداد میں دیگر صوبوں کے مریضوں کی ہارٹ سرجری اور طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پنجاب میں سب سے پہلے سفارش اور رشوت کلچر کا خاتمہ کیا ہے اور وہ حلفاً کہہ سکتی ہیں کہ گزشتہ دس ماہ کے دوران ایک بھی بھرتی سفارش پر نہیں کی گئی بلکہ وہ خود امیدواروں کے انٹرویو کر کے میرٹ کو یقینی بناتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں جاری تمام فلاحی اسکیمیں عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چل رہی ہیں جن کا مقصد براہِ راست شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے مؤثر استعمال سے صوبے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور زیادتی و ہراسانی جیسے سنگین واقعات پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب پنجاب کے کئی علاقوں میں کئی کئی روز تک کسی جرم کی اطلاع نہیں ملتی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری سمیت صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے بہتر بنایا گیا ہے۔