خضدار: (کیو این این ورلڈ/حبیب غلامانی کی رپورٹ) حاجی عید محمد میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن گودی یاسمین زہری کی جانب سے ٹیم خضدار کے نوجوانوں کی سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (BUET) میں ایک پُروقار اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی قیادت گودی یاسمین زہری نے کی جبکہ وفاقی محتسب اعلیٰ کے ڈویژنل ڈائریکٹر محمد کاشف بلوچ مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر شہر کی نامور تعلیمی، سماجی اور صحافتی شخصیات سمیت سابق رجسٹرار حاجی محمد عالم جتک، ڈی ای او عابد حسین بلوچ اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے ٹیم خضدار کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان سیاست سے بالاتر ہو کر شہر کے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اور ناقص تعمیراتی کاموں سمیت کرپشن کے خلاف مؤثر آواز بلند کریں تاکہ شہریوں کو پائیدار سہولیات میسر آ سکیں۔

گودی یاسمین زہری نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو علاقے کا روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ان کی خود اعتمادی اور رہنمائی کے لیے منعقد کی گئی ہے، انہوں نے پروگرام کی کامیابی میں تعاون پر ناصر زہری اور انجینئر عبدالمنان بلوچ کے کلیدی کردار کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات اور شیلڈز کا بھی اعلان کیا گیا، جس میں گودی یاسمین زہری نے 10 ہزار روپے، محمد کاشف بلوچ نے 20 ہزار روپے اور عابد حسین بلوچ نے 10 ہزار روپے ٹیم خضدار کو دینے کا اعلان کیا۔ شرکاء نے خضدار میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کی نشاندہی کو اپنا شعار بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور ٹیم کے اراکین میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حاجی عید محمد میموریل ٹرسٹ سماجی فلاح و بہبود کے لیے نوجوانوں کی پشت پناہی جاری رکھے گا۔

