پنجگور(کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چتکان میں مرکزی جامع مسجد کے قریب مین روڈ پر ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے دھماکے کے فوری بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے کہ آیا یہ خودکش حملہ تھا یا بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے ملوث عناصر کی تلاش کے لیے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ تاحال کسی بھی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تخریب کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔