کراچی: (کیو این این ورلڈ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت معاشی اشاریوں کے باعث ریکارڈ سازی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز مارکیٹ نے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست خریداری دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 2700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 81 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں تیزی کا یہ عالم تھا کہ انڈیکس ایک لاکھ 81 ہزار 790 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جس نے سرمایہ کاری کے تمام پچھلے ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 79 ہزار 34 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، تاہم آج کی طوفانی تیزی نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔

آج کے کاروبار کے دوران آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور پاور جنریشن کے شعبوں میں نمایاں خریداری ریکارڈ کی گئی۔ حبکو، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور پی ایس او جیسی بڑی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافے نے انڈیکس کو اوپر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ بینکنگ سیکٹر میں ایچ بی ایل، ایم سی بی اور میزان بینک کے حصص بھی مثبت زون میں رہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور پالیسی ریٹ میں ممکنہ کمی کی امیدوں نے سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ دوسری جانب انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر 280 روپے 10 پیسے کی سطح پر آگیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے