کوہاٹ(کیو این این ورلڈ) تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت، ملکی معیشت کے لیے بڑی کامیابی
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل اور گیس کا ایک نیا اور وسیع ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ہے، جو توانائی کے شعبے میں ملک کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے مطابق یہ اہم دریافت نشپا بلاک میں واقع "برگزئی ایکس او ون” نامی کنوئیں سے ہوئی ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی ٹیسٹ کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں جن کے مطابق اس کنوئیں سے یومیہ 4100 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ تیل کے ساتھ ساتھ یہاں سے یومیہ 10.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس بھی حاصل ہوگی، جس سے ملکی سطح پر توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
تیل و گیس کی اس دریافت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زمین میں 5 ہزار 170 میٹر کی گہری کھدائی کی گئی جس کے بعد کامیابی حاصل ہوئی۔ او جی ڈی سی ایل نے مزید واضح کیا کہ اس اہم منصوبے میں او جی ڈی سی، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شراکت دار کے طور پر شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں ہونے والی یہ نئی دریافت نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی، جو ملکی معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔