علی پور(نامہ نگار: محبوب بلوچ)ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں واقع بستی بڈانی، موضع خیرپور سادات میں جاز (Jazz) کمپنی کا ٹاور نصب ہونے کے باوجود موبائل نیٹ ورک مسلسل خراب رہنے لگا ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ نیٹ ورک کی بار بار بندش اور کمزور سگنلز کے سبب نہ صرف روزمرہ رابطہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ آن لائن تعلیم، کاروباری سرگرمیاں اور ہنگامی صورتحال میں رابطہ قائم کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سنگین مسئلے کے حوالے سے متعدد بار شکایات درج کروائی گئیں، تاہم تاحال نیٹ ورک کی بہتری کے لیے کوئی مؤثر یا عملی اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔ شہریوں کے مطابق ناقص سروس کے باعث طلبہ، تاجر اور مزدور طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں اور جاز کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن، ٹاور کی تکنیکی خرابیوں کے ازالے اور سگنلز کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ بستی بڈانی اور اس کے گردونواح کے مکینوں کو معیاری اور قابلِ اعتماد مواصلاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے