اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے یومِ شہادت پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کو ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے ناقابلِ فراموش اور قابلِ قدر اقدامات کیے۔ اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے بے نظیر بھٹو کو پاکستان کی عظیم بیٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوریت کی بحالی، عوامی حقوق کے تحفظ اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی، جس کی یاد ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے سیاست میں رواداری، ہم آہنگی اور مثبت اقدار کو فروغ دیا اور ان کی سیاسی میراث میں حب الوطنی کا جذبہ نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ محترمہ نے نہ صرف خواتین کے بااختیار ہونے کے لیے عملی اقدامات کیے بلکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا، ان کی قربانیاں اور خدمات ملک و قوم کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت رواداری، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے اس سفر کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے جس کا خواب بے نظیر بھٹو شہید نے دیکھا تھا۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید محترمہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ و چاہنے والوں کو یہ صدمہ جرات کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت دے۔