اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے یمن میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وہاں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جمہوریہ یمن میں امن کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ سفارتی کوششوں کی مکمل تائید کرتا ہے اور اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ترجمان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے مسئلے کے ایک جامع اور مذاکراتی سیاسی حل کے لیے تعمیری انداز اور نیک نیتی کے ساتھ بات چیت کا عمل آگے بڑھائیں تاکہ خطے میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
پاکستان نے یمن کی وحدت، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تمام یمنی فریقین کسی بھی ایسے یکطرفہ اقدام سے مکمل گریز کریں گے جو صورتحال کو مزید کشیدہ بنانے کا باعث بن سکتا ہو۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان یمنی عوام کی طویل عرصے سے جاری تکالیف کے خاتمے کا خواہاں ہے اور اسے قوی امید ہے کہ موجودہ سفارتی کوششیں یمن میں دیرپا امن کے حصول کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کی بنیاد بنیں گی۔ پاکستان کا موقف ہے کہ مذاکرات ہی وہ واحد راستہ ہیں جس کے ذریعے یمن میں جاری بحران کا خاتمہ اور خطے کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔