خانیوال(ویب ڈیسک) انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں اڈہ گل آباد کے قریب کتا مار مہم کے دوران اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق مہم کے دوران چلائی گئی گولی نشانے پر لگنے کے بجائے وہاں موجود 14 نائن آر کی رہائشی 8 سالہ سکینہ دختر مختیار کو جا لگی، جس سے بچی خون میں لت پت ہو گئی۔ واقعے کے فوری بعد زخمی بچی کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال منتقل کیا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کے جسم میں گولی لگنے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں اور حالت نازک ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے اسے مزید بہتر علاج اور جان بچانے کی خاطر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا ہے۔ اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے غیر پیشہ ورانہ طریقہ کار اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک کسی ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے