لاہور(ویب ڈیسک) قومی ویمن کرکٹر سدرہ نواز پیا گھر سدھار گئیں، تقریبِ ولیمہ ہفتہ کو کراچی میں ہوگی
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر سدرہ نواز گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد اپنے پیا گھر سدھار گئی ہیں۔ لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریبِ رخصتی میں سدرہ نواز کی غیاث خان کے ساتھ رخصتی ہوئی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس پر مسرت موقع پر کھیلوں کی دنیا، بالخصوص کرکٹ سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے بھی شرکت کر کے نئی نویلی جوڑی کو مبارکباد پیش کی اور ان کی مستقبل کی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ سدرہ نواز اور غیاث خان کا نکاح گزشتہ روز سادگی کے ساتھ انجام پایا تھا جس کے بعد منگل کو رخصتی کی تقریب منعقد ہوئی۔
سدرہ نواز کی شادی کی خوشیوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور ان کی تقریبِ ولیمہ رواں ہفتے بروز ہفتہ کراچی کے ایک مقامی بینکوئٹ ہال میں منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب کی خاص بات یہ ہوگی کہ دورہ جنوبی افریقہ کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی میں جاری قومی تربیتی کیمپ میں مصروف دیگر قومی ویمن کرکٹرز بھی اپنے تربیتی شیڈول سے وقت نکال کر اپنی ساتھی کھلاڑی کے ولیمے میں شرکت کریں گی۔ کرکٹ کے حلقوں اور مداحوں کی جانب سے سدرہ نواز کو زندگی کے اس نئے سفر کے آغاز پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔