لندن (ویب ڈیسک):برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ میں سہولت کاری کے الزام میں 29 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران برمنگھم کے ہینڈز ورتھ علاقے میں چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ملزم پر غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری کے شبہے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ فی الحال حراست میں ہے۔ تفتیشی افسران اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

چھاپے کے دوران متعدد الیکٹرانک آلات بھی ضبط کیے گئے، جن کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ ملزم کے نیٹ ورک اور اس سے وابستہ افراد کے بارے میں مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار بھارتی شہری ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے تعلق رکھتا ہے جو غیر قانونی طور پر افراد کو برطانیہ منتقل کرتا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ یہ گرفتاری برطانوی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قومی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر قانونی ہجرت کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے