امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے وزیرِ جنگ اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی شدید کشیدگی، جس میں 8 جنگی طیارے تباہ ہوئے تھے، کو انہوں نے اپنی مداخلت سے رکوایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب تک دنیا میں 8 مختلف جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں پاک بھارت ممکنہ ایٹمی تصادم بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے بتایا کہ اس جنگ کو رکوا کر تقریباً 10 ملین (ایک کروڑ) لوگوں کی جانیں بچائی گئیں، جس پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک "قابلِ احترام شخصیت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت نے امن کی کوششوں میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی عسکری طاقت میں اضافے کے لیے "ٹرمپ کلاس” بحری جہاز بنانے کا اعلان کیا، جو ان کے بقول سابقہ جہازوں سے 100 گنا زیادہ طاقتور ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ اس وقت 15 نئی آبدوزیں تیار کر رہا ہے اور دعویٰ کیا کہ آبدوز سازی کے شعبے میں امریکہ، چین اور روس سے 15 سال آگے ہے، جو دنیا بھر میں دشمنوں کے لیے خوف کی علامت بنیں گی۔ انہوں نے "وکٹری” نامی جہاز کو امریکی جہاز سازی کی صنعت کی بحالی اور عالمی سطح پر امریکی وقار کی واپسی کا ذریعہ قرار دیا۔