اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر ہم خیال سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور آپس میں ملانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے ملک و قوم اور اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ملک اور فوج ہماری ہے، ہم پہلے بھی ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے، تاہم ملکی مسائل کا حل جامع مذاکرات میں ہی پنہاں ہے۔ بیرسٹر گوہر نے سیاسی قیادت کو مفاہمت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ہاتھ ملاؤ تاکہ راستہ بنے اور بات کرو تاکہ بات سے بات بنے” کیونکہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر معاملات کو حل کریں۔

دوسری جانب اسی سیاسی تناظر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص صوبے کو تمام وسائل دیے جا رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق کے ذمہ صوبے کے واجب الادا فنڈز فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے ملک میں جمہوریت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے لیے سیاسی میدان تنگ کیا جا رہا ہے، جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی آئین کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک آئین پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوگا اور معاشی استحکام نہیں آئے گا، تب تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام قوتوں کو آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے