قصور(بیوروچیف طارق نوید سندھو)پاکستان رینجرز نے پنجاب کے سرحدی ضلع قصور میں سرحد پار کر کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے ایک انڈین شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گرفتار فرد کو ابتدائی کارروائی کے بعد تھانہ گنڈا سنگھ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز حکام کے مطابق واقعہ قصور کے تھانہ گنڈا سنگھ کی حدود میں واقع سرحدی گاؤں سہجرہ کے قریب پیش آیا، جہاں انڈین شہری کو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت شرندیپ سنگھ ولد ستنام سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جو پوئی پور، تحصیل شاہ کوٹ، ضلع جالندھر کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
پاکستان رینجرز کی جانب سے حراست میں لیے گئے انڈین شہری کی ہتھکڑیاں لگی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔ رینجرز اہلکار نصیر نے شرندیپ سنگھ کو گرفتار کیا، جس کے بعد قانونی کارروائی اور ابتدائی پوچھ گچھ مکمل کر کے انہیں مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے، جبکہ وائرل ہونے والی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص کی عمر لگ بھگ 20 سال ہے اور وہ بظاہر صحت مند دکھائی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں کسی انڈین شہری کو سرحد کے قریب سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل 27 نومبر کو بھی رینجرز نے ایک انڈین شہری کو حراست میں لے کر گنڈا سنگھ پولیس کے حوالے کیا تھا۔
نومبر میں گرفتار کیے گئے 31 سالہ بی جے سنگھ کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شخص بھارتی ریاست آسام کے ضلع گدائی ٹوک ندی سمبری کا رہائشی تھا، جو گھریلو جھگڑے کے بعد گھر سے نکل آیا تھا اور بارڈر کراسنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار ہوا تھا۔
