کوئٹہ (ویب ڈیسک):حکومت بلوچستان نے ضلع کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت اسلحہ کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری خواتین و بچوں کے علاوہ ممنوع ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کا استعمال، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل کی نقل و حرکت، پانچ سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیاں اور دھرنے ممنوع ہوں گے۔ عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کے لیے ماسک یا مفلر استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پولیس، لیویز اور ایف سی کو سخت کارروائی کے اختیارات دے دیے گئے ہیں، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی ہوگی۔ پابندیاں 22 دسمبر 2025 تک برقرار رہیں گی۔
حکومت نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ پابندیوں کی رپورٹ روزانہ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔