لاہور: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق کے شبے میں 12 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز کے علاوہ حساس مقامات اور حساس اداروں کی تصاویر و ویڈیوز برآمد ہوئیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشتگردوں کے قبضے سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشن بھی حاصل کی گئی ہیں۔
لاہور سے گرفتار دہشتگردوں میں سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز شامل ہیں، جبکہ فیصل آباد سے دانش اور بہاولپور سے فتنہ الہندوستان کے رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ ایک دہشتگرد عادل کی بھارت سے آپریٹ ہونے والی فیس بک آئی ڈی کی مدد سے پکڑا گیا۔ اس کے علاوہ، سکھ دیپ سنگھ پیدائشی طور پر کرسچن تھا اور کچھ عرصہ قبل اس نے مذہب تبدیل کیا تھا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ گرفتار دہشتگرد بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے بھاری فنڈنگ حاصل کر رہے تھے اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام ملک میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کے سدباب اور حساس اداروں کی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا۔