قصور (طارق نوید سندھو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے ضلع کی مختلف تحصیلوں کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، نرخ ناموں پر عمل درآمد، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے نظم و ضبط سے متعلق متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھا کشن، چونیاں، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ٹی ایچ کیو اسپتال کوٹ رادھا کشن میں بے بی وارمر اور انکیوبیٹر بند، ڈی سی برہم
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ رادھا کشن کے اچانک دورے کے دوران پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی مفت سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس دوران چلڈرن وارڈ میں بے بی وارمر اور انکیوبیٹر غیر فعال پائے گئے، جس پر ڈی سی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سے فوری وضاحت طلب کرلی۔
واش رومز کی ناقص صفائی پر بھی فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ریڑھی بازار میں نرخ ناموں کی خلاف ورزی، صارفین سے فیڈ بیک
ڈپٹی کمشنر نے ماڈل ریڑھی بازار کوٹ رادھا کشن میں سرکاری نرخ نامے کے مطابق قیمتوں کی جانچ کی، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور صارفین سے سہولتوں کے بارے میں رائے لی۔
سبزیوں اور پھلوں کے معیار کی پڑتال بھی کی گئی۔

مین بازار کوٹ رادھا کشن: تجاوزات اور ٹریفک مسائل، فوری اقدامات کا حکم
مین بازار میں تجاوزات، صفائی کے مسائل اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنر کو مؤثر کارروائی کی ہدایات دیں۔
انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ کا بھی دورہ کیا اور ٹف ٹائلز کی تنصیب، سڑکوں کی لائن مارکنگ، مرمت اور صفائی کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔

پتوکی میں سڑکوں اور گرین بیلٹس کا معائنہ
تحصیل پتوکی کے دورے میں ڈی سی نے مین ملتان روڈ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لائن مارکنگ کی بہتری، گرین بیلٹس کی بحالی، سڑکوں کی صفائی اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات دیں۔

ٹی ایچ کیو اور ٹراما سینٹر پتوکی کا دورہ، مریضوں سے براہِ راست فیڈ بیک
ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو اسپتال اور ٹراما سینٹر پتوکی میں مریضوں کو مفت دی جانے والی سہولیات، ڈاکٹرز اور اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، صفائی، پانی، ویل چیئرز اور سٹریچر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے زیر تعمیر ٹراما سینٹر کا بھی وزٹ کیا اور تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

چونیاں: ٹی ایچ کیو اسپتال کی سہولیات تسلی بخش قرار
ٹی ایچ کیو اسپتال چونیاں میں انفراسٹرکچر، ادویات، پانی کی فراہمی، اسٹاف کی حاضری اور علاج کی مفت سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شہریوں کو معیاری صحت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بازار چونیاں میں صفائی اور تجاوزات کے خلاف ہدایات
مین بازار چونیاں کے دورے میں ڈی سی نے صفائی، تجاوزات اور نظم و ضبط کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ہر دکاندار اپنی دکان کے باہر ڈسٹ بن رکھے، خلاف ورزی پر جرمانے کیے جائیں گے۔

پارکس کا معائنہ، صفائی اور ہریالی بڑھانے کے احکامات
ڈپٹی کمشنر نے محمد خان پارک اور چلڈرن پارک چونیاں کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے صفائی ستھرائی، نئے پودے لگانے، گھاس کی بہتری، کھیل کود کی سہولیات اور پارکوں کی دیکھ بھال کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے