حکومت سے معاہدہ ہوگیا، 1000 سی سی تک کی گاڑیوں اور کسانوں کو پیٹرولیم سبسڈی ملے گی: حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کے حوالے سے حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت متوسط طبقے اور کسانوں کو براہِ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ حکومتی پیٹرول ریلیف پیکج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اس میں 1000 سی سی تک کی تمام گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے اور کاشتکاروں کو سہارا دینے کے لیے ساڑھے 12 ایکڑ تک زرعی اراضی کے مالک کسانوں کو بھی ٹریکٹروں کے لیے ڈیزل کی قیمتوں میں خصوصی ریلیف دینے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت یہ بھی طے پایا ہے کہ اب سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کی گئی معاشی تجاویز اور مطالبات پر غور و خوض اور ان پر عملدرآمد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عوامی ریلیف سے متعلق ان تمام تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے برق رفتاری کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے